موجودہ حکومت نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کیلئے اقتصادی اصلاحات پر توجہ مرکوز کی ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف

اسلام آباد (سیدتوقیرزیدی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے لئے اقتصادی اصلاحات پر توجہ مرکوز کی ہے۔وہ ہالینڈ کی کمپنی رائل فرائز لینڈ کیمپینا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رئیولوف اے جوسٹن سے بدھ کو یہاں ایوان وزیراعظم میں گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی مجموعی آبادی کا 60فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے اوریہاں غیر ہنر مند سے لیکر نہایت مہارت یافتہ پروفیشنلز پر مبنی باصلاحیت افرادی قوت پائی جاتی ہے۔ وزیراعظم نے وفد کو بتایا کہ حکومت نے کاشتکاروں کو سہولت دینے کے لئے کھاد پر سبسڈی میں حال میں توسیع دی ہے اور مسابقت کے عالمی چیلنجوں کے مقابلے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کے لئے خصوصی اقتصادی زونز کے لئے قوانین وضع کئے ہیں۔یواین پی کے مطابق انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مختلف شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری میں سہولت دینے کے لئے بنیادی ڈھانچے‘ توانائی اور مواصلاتی منصوبوں پر سرگرمی سے کام کررہی ہے۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے ہاں چار موسم‘ وسیع اراضی‘ قدرتی وسائل کی فراوانی‘مربوط آبپاشی نظام‘ساز گار ماحول‘ پورا سال فصلوں کی پیداوار‘ تربیت یافتہ افرادی قوت اور فعال اقتصادی صورتحال پائی جاتی ہے۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حکومت نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے لئے اقتصادی اصلاحات پر توجہ مرکوز کی ہے جبکہ اقتصادی اشاریے مثبت اور مستحکم ہیں جس کا اعتراف بین الاقوامی ادارے بھی کررہے ہیں۔ رئیولوف اے جوسٹن نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں اس لئے سرمایہ کاری کی کیونکہ وسطی ایشیاء ہمارے کاروباری حکمت عملی کے لئے بہت اہم ہے اور پاکستان نے خطے میں سرمایہ کاری کے لئے ہمیں موقع فراہم کیا۔ انہوں نے ڈیری مصنوعات کے شعبہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی یہ بھی وجہ ہے کہ ہم کھلے دودھ سے لیکر پیک ملک تک بہت بڑی تبدیلی دیکھتے ہیں۔ ملک میں متوسط طبقے کی آمدن میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جوتیزی سے بڑھ رہا ہے جبکہ ملک میں اربنائزیشن کو بھی فروغ مل رہا ہے، ہم محسوس کرتے ہیں کہ ملک میں بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لئے ڈیری مصنوعات کا اعلیٰ معیار درکار ہے یہی وجہ ہے کہ ہم اپنی ٹیکنالوجی اور مہارت لیکر آرہے ہیں اور ہم پاکستان کی کاشتکار برادری کے ساتھ مل کر پاکستانی مارکیٹ کے لئے ان مصنوعات کے فروغ کے لئے اپنے تجربے کو بروئے کار لارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ آنے والے چند برسوں میں پاکستان کو ڈیری مصنوعات برآمد کرنے والا ملک بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر سیکورٹی ماحول‘ تیزی سے وسعت پذیر معیاری بنیادی ڈھانچے اور توانائی کی قلت میں نمایاں کمی کی بدولت پاکستان سرمایہ کاری کے لئے پرکشش مقام بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ چند برسوں میں پاکستان میں 10کروڑ ڈالرکی اضافی سرمایہ کاری لانے کی بھی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ملاقات میں وزیر خزانہ اسحار ڈار بھی موجودتھے جبکہ وفد اینگرو کارپوریشن کے صدر اور سی ای او حسین داؤد‘ غیاث خان‘ سی او او پائٹ ہلاردس‘ سی ایف او ہائن شوماچر اور کمپنی ڈائریکٹر ہینڈس لاراکر پر مشتمل تھا۔

Advertisements

Leave a Reply

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

You are commenting using your WordPress.com account. Log Out / Change )

Twitter picture

You are commenting using your Twitter account. Log Out / Change )

Facebook photo

You are commenting using your Facebook account. Log Out / Change )

Google+ photo

You are commenting using your Google+ account. Log Out / Change )

Connecting to %s

WordPress.com.

Up ↑

%d bloggers like this: